صومالیہ کی مسلح افواج نے القاعدہ کی وفادار تنظیم حرکت الشباب کے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران کم از کم 61 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔
صومالیہ کے صدر مقام موگادیشو سے عرب میڈیا کے مطابق فوجی آپریشن بین الاقوامی فوج کی مدد سے ملک کے جنوبی صوبہ لوئر شبیلی کے علاقہ حوادلی میں کیا گیا، جہاں پر حرکت الشباب کا کیمپ قائم ہے۔
حملے کے وقت الشباب کے ڈیڑھ سو جنگجو بارود سے لدی گاڑیوں کے ہمراہ کیمپ میں اکٹھا تھے، جو فوجی تنصیبات اور مقامی سکیورٹی فورسز پر خودکش حملوں کی تیاری میں مصروف تھے۔
فوجی آپریشن صومالیہ کے قومی سلامتی کے مشیر حسین شیخ علی کی جانب سے الشباب کے ساتھ مذاکرات کی تردید کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا۔
شیخ علی کا کہنا تھا کہ فائر بندی مذاکرات کے لئے تحریک الشباب کی جانب سے کوئی پیغام حکومت کو موصول نہیں ہوا تھا، جبکہ حکومت الشباب کے بجائے ہتھیار ڈالنے والے جنگجوؤں کے ساتھ مذاکرات کو ترجیح دے گی۔
Comments are closed.