بدھ 27؍ربیع الثانی 1444ھ23؍نومبر 2022ء

صدر کے پاس اختیار ہے تو ہم بھی کچھ سوچ کر بیٹھے ہوں گے، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ صدر کے پاس اختیار ہے تو ہم بھی کچھ سوچ کر بیٹھے ہوں گے، صدر مملکت نیوٹرل ہیں تو کیسے عمران خان سے مشاورت کرسکتے ہیں؟

عمران خان نے کہا کہ اہم تعیناتی کی سمری پر وہ مجھ سے مشورہ کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج وزیراعظم نے تمام اتحادیوں کو بلا کر مشاورت کی، تمام اتحادیوں نے اتفاق رائے سے اختیار وزیراعظم کو دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اتحادی وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، آج وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلاس بلاکر غیرمعمولی کام کیا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ فرضی سوال پر میرا جواب کئی معنی نکال دے گا، صدر کے پاس اختیار ہے تو ہم بھی کچھ سوچ کر بیٹھے ہوں گے۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ زرداری صاحب الیکٹڈ ممبر بھی ہیں اور اتحاد میں شامل جماعت کے سربراہ بھی ہیں، نواز شریف اپنی جماعت کے رہبر اور رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اعتراض ہے کہ ان سے مشاورت نہیں ہونی چاہیے، عمران خان تو اسمبلی کے  ممبر بھی نہیں ان کی رکنیت تو ختم ہو چکی ہے، عمران خان سائفر کے ساتھ کھیلے، اب آئین کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.