پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ صدر کی آڈیو لیک ہونے کے پیچھے مریم نواز ہیں، چاہے مریم نواز نے کسی کے بھی کہنے پر آڈیو لیک کی ہے، مریم نواز کے پاس ہر طرح کی آڈیو ویڈیوز موجود ہیں۔
پی ٹی آئی نے صدر مملکت عارف علوی کی ٹیلیفونک گفتگو ریکارڈ اور لیک ہونے کو شرمناک قرار دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ٹیلیفونک گفتگو ریکارڈ اور لیک کرنا صرف عارف علوی نہیں بلکہ ملک کیلئے افسوسناک ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز ہیں جو ویڈیو آڈیو پروڈکشن کی ایکسپرٹ ہیں، جو ہم پر مسلط کیے گئے ہیں، انہوں نے ملک کو مذاق بنا دیا ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہوں گے، اب ہر کوئی بہانے کر رہا ہے کہ ہم الیکشن نہیں کرواسکتے، یہ اس عہدے کے حقدار ہی نہیں یہ چھوٹے لوگ ہیں جو بڑے عہدوں پر بٹھا دیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چٹان کی طرح اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری جماعت کو یہ برگر پارٹی کہتے تھے، ہماری جماعت ہی پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈال سکتی ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ کاش یہ اب تک پشاور مسجد دھماکے کے دہشتگردوں کو گرفتار کر چکے ہوتے، ایک لیڈر کی گرفتاری کے لیے انہوں نے لشکر کشی شروع کردی، اپنی نسلوں کا مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں تو عمران خان کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹولہ غریب لوگوں کا خون چوس رہا ہے، عمران خان نے ان کی سازش کا ایک ماہ پہلے بتا دیا تھا، آئین کی بالا دستی اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایک شخص کو گرفتارکرنے کے لیے جنگ کا ماحول بنا دیا گیا ہے۔
Comments are closed.