پیر 3؍صفر المظفر 1445ھ21؍اگست 2023ء

صدر مملکت استعفیٰ دیں گے یا نہیں؟ لاعلم ہوں، مرتضیٰ سولنگی

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صدر مملکت استعفیٰ دیں گے یا اپنے عہدے پر رہیں گے؟ اس حوالے سے لاعلم ہوں۔

اسلام آباد میں نگراں وزیر قانون احمد عرفان اسلم کے ہمراہ مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کے ٹوئٹ سے کسی قسم کا کوئی بھی بھونچال نہیں آیا ہے، وہ استعفیٰ دیں گے یا اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے، اس حوالے لاعلم ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صدر مملکت کے ٹوئٹ سے اگر کوئی ابہام پیدا ہوا تھا بھی تو وہ وزارت قانون کی پریس ریلیز اور وزیر قانون کے مؤقف کے بعد دور ہوگیا ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسا قطعا نہیں چاہیں گے کہ ایوان صدر جا کر ریکارڈ قبضے میں لیں، دلوں کا حال اللّٰہ جانتا ہے، نہیں پتہ صدر صاحب کی منشا کیا ہے، انہوں نے ٹوئٹ میں معافی کیوں مانگی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حکومت ایک آئینی حکومت ہے، ہم نے آئینی عہدوں کی تکریم کو ملحوظ رکھا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.