اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اورعوام کے کھلے دشمن ہیں ، عوام پولیس کی دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیوں پرسلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف قوم کی ڈھال بننے والے ہمارے ہیرو ہیں، دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں، سب کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی لکی مروت کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باقیات کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ صدر نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
واضح رہے کہ لکی مروت میں دہشت گردوں نے رات گئے تھانہ برگی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے ۔
Comments are closed.