جمعرات 3؍ربیع الثانی 1445ھ19؍اکتوبر 2023ء

شیخ رشید کی بازیابی کیلئے آر پی او راولپنڈی کو مزید 1 ہفتے کی مہلت

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی بازیابی کے لیے آر پی او راولپنڈی کو آخری بار مزید ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔

سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت جسٹس صداقت علی خان نے کی، جس کے  دوران آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سوال کیا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیش رفت ہے؟

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی بازیابی کے لیے آر پی او راولپنڈی کو مزید 8 دن کی مہلت دے دی۔

آر پی او نے جواب دیا کہ شیخ رشید کی بازیابی کے لیے کوشش جاری ہے، مزید مہلت چاہیے۔

عدالت نے سوال کیا کہ اور کتنا وقت چاہیے؟ آپ کو جتنا وقت دیا ہے اس میں آپ نے کیا کیا؟

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کو انکوائری کے لیے بلایا، وہ کوئی معقول جواب نہیں دے سکے، جن 5 پولیس افسران پر شیخ رشید کی گرفتاری کا الزام ہے سی ڈی آر کے مطابق وہ وہاں نہیں تھے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کہا کہ ایک ہفتے کی مزید مہلت آخری موقع سمجھ کر دے رہے ہیں، ایک ہفتے کے بعد مزید التواء نہیں دیں گے، عدالت وارننگ کے ساتھ ایک ہفتے بعد کوئی نہ کوئی آرڈر پاس کرے گی۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ سابق وزیرِ داخلہ کو گرفتار ہوئے ایک مہینہ ہو گیا کوئی کچھ نہیں بتا رہا، ان کی بازیابی آر پی او کے بس کی بات نہیں، عدالت آئی جی پنجاب اور سیکریٹری دفاع کوبلائے۔

وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ سب کو پتہ ہے شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کر کے کس کے حوالے کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.