عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے حلقوں کے بہت برے حالات ہیں، دو تین دن سے سوچ رہا ہوں کہ کوئی بڑا فیصلہ کر لوں۔
شیخ شید احمد نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کی۔
شیخ رشید احمد کا ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوچ رہا ہوں اپنے خلاف کوئی فیصلہ کرلوں، حالات دیکھے نہیں جا رہے، میں ڈپریشن کی انتہائی حد میں ہوں، کچھ بھی کر سکتا ہوں۔
شیخ رشید کا انٹرویو کے دوران مزید کہنا ہے کہ میری ان اداروں سے محبت ہے، میں اداروں کو عظیم سمجھتا ہوں، میں اس فوج کو عظیم سمجھتا ہوں، میں اداروں کو بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس دوران اداروں کا احترام اور تقدس مجروح نہ ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنا بیان خود دے رہا ہوں، میں ایک سیٹ کی سیاست کرنے والا سیاستدان ہوں، پچھلے 55 برسوں سے، 16 دفعہ میں وزیر رہا ہوں، میں دیانتداری سے کہہ رہا ہوں کہ اس آگ کو کوئی نہیں روک سکے گا، نہ عمران خان نہ ہی شیخ رشید۔
اُن کا کہنا تھا کہ دعا کریں کہ کال (عمران خان کا متوقع لانگ مارچ) سے پہلے ہی یہ معاملات طے پا جائیں ورنہ کال کوئی نہیں سنبھال سکے گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں سب اداروں سے براہِ راست اپیل کرتا ہوں کہ سب کو ایک جگہ بٹھائیں اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان کروائیں، اگر یہ (پی ڈی ایم) تاریخ نہیں دیں تو اِنہیں اٹھا کر باہر پھینک دیں۔
Comments are closed.