مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کے جھوٹے احتساب کا بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔
لاہور کی بینکنگ کورٹ کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ نیب نے جو کیس 3 سال چلایا، ایف آئی اے کو وہی کیس چلانے پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، شہزاد اکبر منظرِ عام سے غائب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے جب بلایا، شہباز شریف پیش ہوئے، ایف آئی اے کو کس قسم کا تعاون درکار ہے؟ نجی بینک کے ملازمین کو اٹھا یا جا رہا ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے پر پریشر ڈالا جا رہا ہے، ایف آئی اے کو اسی کیس کی تفتیش کا کہا گیا جو نیب میں چل رہا ہے، شہزاد اکبر کے اپنے احتساب کے دن آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں کوئی مواد موجود نہیں، پرانے پاکستان والوں نے 3 میٹرو بنائیں، بی آر ٹی کے بارے میں کہا گیا کہ کرپشن ہوئی لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔
نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے شوگر مل مالکان کے فائدے کے لیے سبسڈی دینے سے انکار کیا، عوام فیصلہ کرے کہ کیا تاریخ کے بد ترین چور تبدیلی حکومت والے نہیں۔
Comments are closed.