جمعہ20؍جمادی الثانی 1444ھ13؍جنوری 2023ء

شہزادہ ہیری کے ہم شکل کو سیکیورٹی خدشات لاحق

برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کی جانب سے افغانستان میں 25 افراد کو ہلاک کرنے کے انکشاف کے بعد ان کے ہم شکل کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہو گئے۔

شہزادہ ہیری کے ہم شکل ریس ویٹک نامی شخص کا کہنا ہے کہ جب میں نے سنا کہ شہزادہ ہیری برطانوی فوج میں گزرے اپنے وقت کے بارے میں بات کر رہے ہیں تو میں بے چین ہونے لگا۔

اُنہوں نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے میسج کر کے شہزادہ ہیری کی جانب سے کیے گئے انکشافات کے بارے میں بتایا تو میں کافی گھبرا گیا، میری والدہ نے مجھے خبردار کیا کہ مجھے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اپنے حُلیے کو کچھ تبدیل کرنا ہو گا۔

شہزادہ ہیری کے ہم شکل ریس ویٹک نے کہا کہ مجھے کوئی بھی شہزادہ ہیری سمجھ سکتا ہے، اس لیے جب شہزادہ ہیری کو سیکیورٹی خطرات میں اچانک اضافے کا سامنا کرنا پڑا تو میں بھی کافی پریشان ہو گیا ہوں۔

 ریس ویٹک نے کہا کہ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اس طرح کی معلومات جاری کرنا بہت بڑی غلطی ہے، شہزادہ ہیری نے خود کو اور اپنے خاندان کو غیر ضروری خطرے میں ڈال دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے خیال میں شہزادہ ہیری کی کتاب کو سب سے پہلے برطانوی سیکیورٹی سے گزرنا چاہیے تھا لیکن یہ عجیب بات ہے کہ ایسا نہیں کیا گیا، اب مستقبل میں برطانیہ میں کسی بھی بڑی تقریب کے دوران اضافی سیکیورٹی کی ضرورت ہو گی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں شہزادہ ہیری کو برطانوی میڈیا کی جانب سے 25 افغان طالبان کے قتل کا دعویٰ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.