بدھ7؍شوال المکرم 1442ھ19؍مئی 2021ء

شہباز شریف کیخلاف ریفرنس، گواہوں کی ریکارڈ سمیت پیشی کا حکم

لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس کی آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں میاں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس کی سماعت جج امجد نذیر چوہدری نے کی۔

جیل حکام نے شہباز شریف کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے آشیانہ ریفرنس میں احتساب عدالت سے لمبی تاریخ دینے کی درخواست کر دی۔

میاں شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر حاضری مکمل کرائی۔

شہباز شریف نے فاضل جج سے کہا کہ آپ کے تبادلے کا سنا ہے۔

جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ یہ زندگی کا حصہ ہے۔

دورانِ سماعت نجی بینک کی آپریشنل منیجر نے ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔

احتساب عدالت لاہور نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آشیانہ ریفرنس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے نیب کے گواہوں کو شہادتوں کے لیے آج طلب کر رکھا تھا، عدالت اب تک 6 گواہوں کے بیانات قلم بند کر چکی ہے۔

میاں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.