صدر مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کردیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کیلئے تباہ کن، قومی سلامتی کیلئےخطرناک ہے، تاریخ گواہ ہے ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، ڈالرکی قیمت میں اضافے سے عوام کنگال ہورہے ہیں۔
صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ حکومت کو عوام کی حالت زار کا احساس نہیں ، پارلیمنٹ کو بتایا جائے آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا، آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط پارلیمنٹ سے چھپانے کا مطلب دال میں کچھ کالا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ڈالرکی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کو برباد کر رہا ہے، مہنگائی کی طرح ڈالر میں مسلسل اضافے پر حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ، ڈالر، مہنگائی میں اضافہ آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہی ہے ، ڈالرکی مسلسل پروازمعاشی محاذ پرحکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، معاشی تباہی اور مہنگائی پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کیلئے نیک فال نہیں۔
Comments are closed.