وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں بری کردیا گیا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو بری کردیا۔ قبل ازیں اس سلسلے میں عدالت میں اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
لاہور کی خصوصی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تھی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک ہونے کے باعث اور حمزہ شہباز ناسازیٔ طبیعت کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ دونوں کی جانب سے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم سرکاری مصروفیات کے باعث پیشی سے قاصر ہیں جب کہ حمزہ شہباز طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کو مقدمے سے بری کردیا۔
Comments are closed.