بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جوہری پروگرام پر جو بائیڈن کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے: سعد رفیق

وفاقی وزیرِ ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری پروگرام پر بائیڈن کا بیان غلط، غیر منطقی اور غیر ذمے دارانہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی صدر جو بائیڈن سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمے دار جوہری طاقت کی طرح رویہ رکھا، ہمارے پاس محفوظ ترین ایٹمی کمانڈ و کنٹرول سسٹم ہے۔

سعد رفیق کا مزید کہنا ہے کہ جنگجو ریاستیں امن و استحکام کے لیے اصل خطرہ ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بے قاعدہ قرار دے دیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا، دو طرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران روس اور چین کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کو لپیٹ میں لیا تھا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.