شاہ سلمان کلب کپ: ’النصر نے کبھی یہ کپ نہیں جیتا تھا اور پھر رونالڈو ٹیم میں آئے‘
الہلال کو پہلی بار فاتح بنانے والے پرتگالی کھلاڑی
دنیا کے معروف ترین فٹبالروں میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو کا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنا کوئی نئی بات نہیں اور ان کے مداح انھیں ہمیشہ ’گوٹ‘ یعنی گریٹسٹ آف آل ٹائم کھلاڑی سمجھتے ہیں۔
جس عمر میں عام طور پر تمام تر فٹبالروں کا کریئر ختم ہو جاتا ہے کرسٹیانو رونالڈو نے گذشتہ روز 38 سال کی عمر میں ایک بار پھر گولڈن بوٹ حاصل کیا ہے۔
انھوں نے سعودی عرب کی اپنی ٹیم النصر کو پہلی بارعرب کلب چیمپین شپ کپ کا فاتح بننے میں مدد کی ہے۔ سنیچر کو ریاض کے شاہ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں النصر کے خلاف عرب کلب کپ کی دو بار فاتح الہلال شروع سے ہی پوری طرح سے کھیل پر حاوی نظر آ رہی تھی۔
اگرچہ کھیل کا پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں 51 ویں منٹ میں الہلال کے مائیکل نے گول کر کے اپنی ٹیم کو واضح برتری دلا دی۔
النصر کو دوسرے ہاف میں اس وقت مزید صدمہ پہنچا جب ان کے ایک کھلاڑی عبداللہ العمری کو ریڈ کارڈ دکھا کر فیلڈ سے باہر کر دیا گيا اور النصر 11 کے بجائے 10 کھلاڑیوں کی ٹیم رہ گئی۔
پھر رونالڈو نے اپنے تمام تر تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کھیل کے 74ویں منٹ میں سلطان الغنم کے پاس کو گول میں تبدیل کر دیا اور سکور اب ایک ایک سے برابر ہو گيا۔
النصر کو مزید ایک دھچکہ اس وقت پہنچا جب متبادل نواف بوشل کو بھی ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا اور ان کی ٹیم دس کے بجائے نو کھلاڑیوں کی ہی ٹیم رہ گئی۔
فائنل میں دونوں گول رونالڈو کے
کھیل ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا اور پھر 98 ویں منٹ میں رونالڈو کے ہیڈر نے الہلال کے گول کیپر الاویس کو چکمہ دے دیا اور اس طرح رونالڈو نے نہ صرف النصر کو پہلی بار اس ٹورنا منٹ کا فاتح بننے میں مدد دی بلکہ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی بھی رہے اور انھیں گولڈن بوٹ کے ایوارڈ سے نوازا گيا۔
رونالڈو نے چار مختلف تصاویر کے ساتھ اس جیت پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پہلی بار یہ اہم ٹرافی جیتنے پر ٹیم کی مدد کرنے پر مجھے بے حد فخر ہے! کلب میں ان تمام لوگوں کا شکریہ جو اس عظیم کامیابی میں شامل تھے اور میرے خاندان اور دوستوں کا ہمیشہ میرے ساتھ رہنے کے لیے شکریہ! ہمارے پرستاروں کی طرف سے لاجواب حمایت! یہ اتنا ہی آپ کا بھی ہے!‘
النصر کلب نے ٹویٹ کیا کہ ’60 منٹ سے زیادہ وقت تک 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود ہم کنگ سلمان کلب کپ کے چیمپیئن ہیں۔۔۔ یسس‘
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر رونالڈو کے چرچے
جزیرہ نما عرب میں دنیا کے عظیم کھلاڑیوں کی آمد اور فٹبال کا ورلڈ کپ منعقد کرانے سے جو نیا جوش پیدا ہوا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ گذشتہ روز النصر کی جیت کے بعد سوشل میڈیا ایک بار پھر سے رونالڈو کی تعریف میں رطب السان ہے۔
آئی ایم عبدل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’آج کرسٹیانو رونالڈو کا کھیل دیکھ کر میں واضح طور پر کہہ سکتا ہوں کہ جب فٹبال کی بات آتی ہے تو وہ جی او اے ٹی (گوٹ) ہیں۔‘
ان کے اس پوسٹ کو تقریباً ایک لاکھ بار دیکھا گیا ہے جبکہ تین ہزار سے زیادہ بار لائیک کیا گيا ہے۔
ایک اور فٹبال مداح نے نے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ وہ کبھی بوڑھے نہ ہوں۔‘
جبکہ بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ 38 سال کی عمر میں ایسا کارنامہ بے مثال ہے۔
فرید خان نامی ایک صارف نے فتح کے جشن کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’النصر نے تاریخ میں کبھی بھی عرب کپ چیمپیئن شپ نہیں جیتی تھی۔ اور پھر کرسٹیانو رونالڈ اس ٹیم میں پہنچتے ہیں۔‘
گول کیپر نواف العقیدی نے کہا کہ ’ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں اگر ہمارے ساتھ رونالڈو ہیں۔ وہ عظیم ترین ہیں۔‘
رونالڈو کو فٹبال ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب کے کلب النصر نے تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل کے ساتھ اپنے کلب میں شامل کیا تو ناقدین کا کہنا تھا کہ اب جبکہ یورپ میں ان کے لیے جگہ نہیں ہے تو وہ سعودی عرب کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
رونالڈو کو 37 سال کی عمر میں بہت سے لوگوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ اب ان میں فٹبال نہیں ہے اور سعودی عرب کے کلب کی جانب سے انھیں لیے جانے کو پیسہ لٹانا کہا تھا لیکن گذشتہ روز رونالڈو نے سب کا جواب دے دیا۔
رونالڈو کے ایک فین کلب نے ان کی ٹرافی کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جووینٹس کو چھوڑنے کے بعد سے رونالڈو اتنا خوش پہلی بار دیکھا ہے۔‘
کرسٹیانو رونالڈو اپنی نئی ٹیم کی جرسی کے ساتھ
النصر میں شمولیت
واضح رہے کہ پرتگال کے کھلاڑی نے ایک متنازع انٹرویو کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد وہ کسی بھی کلب میں شمولیت کے لیے آزاد تھے۔ اپنے اس انٹرویو میں انھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کی بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب انھیں کوئی بھی ٹیم اس قدر زیادہ رقم کے ساتھ نہیں لے گی۔ لیکن انھیں تاریخ کی سب سے بڑی بولی ملی اور انھوں نے دو سال یعنی سنہ 2025 تک لیے معاہدہ کیا جس کی رو سے انھیں روزانہ کے تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ یورو ملیں گے۔
بہر حال ایک صارف نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نام کے تحت لکھا ہے کہ رونالڈو تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ہر سطح کے میچز میں گول کیے۔
جبکہ بہت سے صارفین سنہ 2023 کے سرفہرست گول کرنے والوں کی فہرست بھی پیش کر رہے ہیں جس میں کرسٹیانو رونالڈو رواں سال 25 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
Comments are closed.