برطانیہ میں تعینات روس کے سفیر نے بتایا ہے کہ شاہی خاندان کو لندن میں قائم روسی سفارتخانے سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
روسی اخبار کے نمائندے نے سفیر سے سوال کیا تھا کہ کیا شاہ چارلس سوئم کی طرف سے کسی بھی قسم کا رابطہ کیا گیا؟
انہوں نے جواب دیا کہ نہیں، اور مجھے معلوم ہے کہ شاہی خاندان کے افراد کو روسی سفارتخانے سے رابطہ استوار رکھنے یا رابطوں کا آغاز کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
یوکرین جنگ کے بعد سے مغرب کے ساتھ روس کے تعلقات سرد جنگ کے بعد سب سے پست سطح پر ہیں۔
برطانیہ سمیت کئی ممالک نے روس کی سیکڑوں شخصیات پر مختلف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
آندرے کیلن نے کہا کہ زیادہ تر مغربی سیاستدان مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہو کر نہیں سوچ رہے اور فضول سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔
روسی سفیر کا کہنا تھا کہ اس طرح انہیں یہ سمجھ ہی نہیں آئے گا کہ اب سے ایک مہینے یا ایک سال میں یوکرین میں کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاملات ایسے ہی چلتے رہے تو یوکرین ایک ناکام ریاست بن جائے گا، ایک ایسا گڑھا جسے بھرنا پڑے گا۔
روسی سفیر نے مزید کہا کہ روس کی کاروباری شخصیات اور اُمراء لندن کو محفوظ نہیں سمجھتے، یہ تو ٹھگوں کا ٹھکانہ ثابت ہوا ہے۔
Comments are closed.