سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان جونیئر لیگ میں گوادر شارکس کے کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی میچ ونر بولر ہیں، آسٹریلین پچز کے لیے ان کی فٹنس عروج پر ہونی چاہیے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ آسٹریلین پچز ہارڈ ہوتی ہیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کمر اور گھٹنے پر سارا وزن پڑے گا۔
سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نےکہا کہ گھٹنے کی تکلیف کے بعد آنے کی وجہ سے آسٹریلین پچز پر انہیں مشکل ہو سکتی ہے، میرے گھٹنے کے 3 آپریشن ہوئے تھے اس لیے مجھے آسٹریلین کنڈیشنز کا اندازہ ہے وہاں گراؤنڈ نرم اور پچز سخت ہوتی ہیں سارا وزن گھٹنے اور کمر پڑتا ہے۔
مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم کے بارے غلط اندازے قائم نہیں کرنے چاہئیں تاہم مڈل آرڈر میں تھوڑی تبدیلی کی ضرورت ہے، شاداب خان کو مسلسل اوپر کھلایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم 160، 170 رنز کرتی ہے تو بولرز اس کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گوادر شارکس کے کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ میں اچھے اسپنرز نظر آ رہے ہیں۔
Comments are closed.