پاکستان سُپر لیگ میں شائقین کرکٹ میچ میں کرکٹ کے علاوہ جوش کو قائم رکھتے ہوئے سینئرز کی عزت، مختلف اشارے، شرارتیں اور انداز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران بھی ایسا ہی ایک منظر دیکھنے میں آیا کہ جب قومی ٹیم کے بہترین بولر اور قومی ٹیم کے کپتان کے مابین مقابلہ ہوا۔
شاہین شاہ آفریدی کا بابر اعظم کو آؤٹ کر کے گلے لگانے اور معذرت کرنے کے خوبصورت منظر کو شائقین کرکٹ میچ کا بہترین لمحہ قرار دے رہے ہیں اور شاہین شاہ آفریدی کے کپتان کو یوں عزت دینے کے اقدام کو سراہ رہے ہیں۔
میچ کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’بابر اعظم دنیائے کرکٹ کا نمبر ون کھلاڑی ہے تو انہیں آؤٹ کر کے مجھے لگا کہ اس وکٹ کا جشن نہیں منانا چاہئے اس لیے اسے جا کر ’سوری‘ کہا۔
شاہین شاہ آفریدی کے مستقل دو میچوں میں سینئرز کے لیے ایسے رویے کے بھارت میں بھی چرچے ہیں۔ بھارتی بھی بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے اس منظر سے لطف اندوز ہوئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی شاہین شاہ آفریدی کی ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہین شاہ آفریدی جلدی میں یہ بھول گئے تھے کہ انہوں نے اپنے کپتان کی وکٹ گرائی ہے۔‘
پاکستان میں شائقین کرکٹ کی جانب سے شاہین شاہ کو اس طرح سراہا جارہا ہے کہ شاہین شاہ جانتے ہیں کہ سینئرز کو کیسے عزت دی جاتی ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ ان دونوں کی کیمسٹری تو لاجواب ہے۔
سوشل میڈیا پر بابر اعظم اور شاہین شاہ پر مزاحیہ چٹکلے بھی شیئر کیے جارہے ہیں، ایک صارف نے کہا کہ مجھے بھی کوئی ایسا شخص چاہئے جو مجھے بالکل اس انداز سے دیکھے جیسے شاہین شاہ بابر اعظم کو دیکھ رہے ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ پاکستان سُپر لیگ کا کوئی مقابلہ نہیں ، اور ایسے ہی مناظر ہمیں پی ایس ایل سے محبت کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
Comments are closed.