پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 8 کے لیے شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ ہوں گے، ان کی قیادت میں ٹرافی کا دفاع کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے کہا کہ چیمپئن ہونے کی وجہ سے لاہور قلندرز پر کوئی دباؤ نہیں، ہماری ٹیم دباؤ میں نہیں آتی کیونکہ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل میں برا وقت بھی دیکھا ہے، اس لیے اب چیمپئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرامید ہیں ٹائٹل کا دفاع کریں گے اور پہلی ٹیم بننا چاہیں گے جس نے ٹائٹل کا دفاع کیا ہو گا۔
ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ٹیم کے کمبی نیشن سے مطمئن ہیں، بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے، ٹیم میں توازن رکھا ہے، بولنگ ہماری اسٹرنتھ ہے لیکن ہمارے پاس بیٹرز بھی ورلڈ کلاس ہیں۔
لاہور قلندرز کے سی او او نے کہا کہ سمیت پٹیل کی جگہ لیام ڈاؤسن جبکہ محمد حفیظ کی جگہ سکندر رضا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی لیڈر شپ میں پی ایس ایل مزید کامیابی حاصل کرے گا، نجم سیٹھی نے مشکل حالات میں پی ایس ایل کو شروع کیا تھا اور چیلنج پر پورا اترے تھے۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل کو نجم سیٹھی جیسے ہی ایڈ منسٹریٹر کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں شاہین شاہ آفریدی قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں، وہ مکمل ردھم میں ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا آغاز 13 فروری کو ہو گا۔
Comments are closed.