ملتان سلطانز کے بولر شاہنواز دھانی نے وکٹ لینے پر فون اٹھانے کے اپنے منفرد جشن اسٹائل کا راز بتادیا۔
پی ایس ایل میچز میں شاہنواز دھانی وکٹ لینے پر ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ ایک بالکل ہی منفرد انداز سے اپنی وکٹ کا جشن مناتے ہیں، کل اننگز بریک کے دوران شاہنواز دھانی نے جشن اسٹائل کے حوالے سے رمیز راجہ کو تفصیل بتادی۔
اننگز بریک میں رمیز راجہ سے بات چیت کرتے ہوئے شاہنواز دھانی نے بتایا کہ انہیں جشن کا اسٹائل دینے میں کارلوس بریتھ ویٹ کا بڑا ہاتھ ہے۔
شاہنواز دھانی نے بتایا کہ پہلے میچ میں کارلوس بریتھ ویٹ نے انہیں کہا تھا کہ جب آپ پہلی وکٹ لیں گے تو ہم اس تاریخی لمحے میں آپ کے ساتھ تھوڑی ہنسی مذاق کریں گے جس سے آپ مزید پُراعتماد ہوں گے۔
دھانی کے جواب میں رمیز راجہ پوچھتے ہیں کہ اس جشن کے اسٹائل کا مقصد یہی ہے کہ ’آپ سلیکٹرز کو کہہ رہے ہیں کہ آپ فون کال کریں میں ملک کیلئے کھیلنے کیلئے تیار ہوں۔‘
شاہنواز جواب میں یہی کہتے ہیں کہ جی ایسا ہی ہے، سب ہی میرے منفرد جشن اسٹائل کی طرف سے مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی دھانی کے وکٹ لینے پر جشن اسٹائل کے چرچے ہیں، یہاں تک کہ پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ پر بھی دھانی کی منفرد کیپشن کے ساتھ وکٹ لینے کی مختصر ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔
Comments are closed.