بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شاہد خاقان 7 دن میں معذرت کریں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نون لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کی جوتا مارنے والی بات کا نوٹس لیتے ہوئے خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان 7 دن میں معذرت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ دیا گیا ہے جس کے متن میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں آئینی، اخلاقی اور سیاسی اقدار کی دھجیاں اڑا دیں، حیرت ہے کہ ایسے گرے ہوئے خیالات کا شخص نون لیگ کی طرف سے وزیراعظم رہ چکا ہے۔

خط کےمتن میں تحریر ہے کہ شاہد خاقان کے طرز عمل سے اسمبلی کارروائی آسانی سے چلانے میں رکاوٹ ہوئی،انہوں نے اپنے طرز عمل سےقومی اسمبلی کی کارروائی میں خلل پیدا کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی کاکہنا ہے کہ کل پارلیمان میں شاہد خاقان عباسی نے اسپیکرکے سامنے جاکر جوتا مارنے کی بات کی جو غیر سیاسی اور غیر اخلاقی تھی، وہ اسپیکر قومی اسمبلی سے معافی مانگیں۔

متن میں تحریر ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ہے ،مقررہ وقت میں جواب نہ دینے پر تصور ہوگا کہ شاہد خاقان عباسی کودفاع میں کچھ نہیں کہنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.