قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ برس ہونے والے پی آئی اے طیارے حادثے کے لواحقین کے حقوق کیلئے آواز اُٹھا دی۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) کے طیارے پی کے 8303 میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی۔
سابق کپتان نے لکھا کہ ’پی آئی اے 8303 طیارہ حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ پہلے ہی اپنے پیاروں کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کے لیے اعلان کردہ واجبات ایک سال گزر جانے کے بعد بھی انہیں نہ ملنا ان کی پریشانی کو مزید بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ارشاد ملک، پی آئی اے حکام اور وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے پر غور کریں تاکہ لواحقین کے دُکھ کا کچھ مداوا ہوسکے۔
واضح رہے کہ 22 مئی 2020 کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔
Comments are closed.