ایم ایس دھونی بھارتی کرکٹ ٹیم کے وہ سابق کھلاڑی ہیں کہ آج تک ان کا فون نمبر بہت کم لوگوں کے پاس ہے یہاں تک کہ روی شاستری کے پاس بھی دھونی کا فون نمبر موجود نہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے یوٹیوب چینل پر اُن سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’دھونی ایک ایسے کرکٹر ہیں کہ جن کا فون نمبر بہت ہی کم لوگوں کے پاس ہے۔‘
روی شاستری نے کہا کہ ’اگر سچ کہوں تو آج تک میرے پاس بھی دھونی کا فون نمبر نہیں ہے اور نہ میں نے کبھی اُن سے مانگا۔‘
شاستری نے کہا کہ ’ایم ایس دھونی غیر حقیقی کھلاڑی تھا، میں نے اس جیسا کھلاڑی کبھی نہیں دیکھا، 0 یا 100 بنائیں، ورلڈ کپ اٹھائیں یا پہلے راؤنڈ میں ہار جائیں لیکن کبھی اُن کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے بہت سارے کھلاڑی دیکھے ہیں لیکن دھونی جیسا پُرسکون کھلاڑی کوئی نہیں دیکھا، یہاں تک کہ سچن بھی ایک شاندار مزاج کے مالک تھے لیکن وہ کبھی کبھی غصے میں آجاتے تھے لیکن دھونی نے کبھی ایسے غصہ نہیں کیا۔‘
واضح رہے کہ ایم ایس دھونی اور روی شاستری کو آخری بار 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی کرکٹ کے لیے ایک ساتھ کام کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جو شاستری کا ہیڈ کوچ کے طور پر آخری ایونٹ تھا اور جس کے لیے دھونی کو ٹیم کے مینٹور کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
Comments are closed.