پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے سی پیک منصوبہ دے کر پاکستانی معیشت کے گرد حفاظتی حصار باندھا، تاریخ ساز سی پیک منصوبے نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کیا ہے۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سی پیک منصوبے کو دس سال مکمل ہونے پر سابق صدر آصف علی زرداری کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں سی پیک کے ابتدائی معاہدوں کا آغاز ہوا تھا، صدر زرداری نے مغربی چین کو گوادر سےجوڑنے کے لیے سی پیک کا تصور دیا تھا۔
شرجیل میمن نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا ہی تصور تھا کہ سی پیک کا کوئی منصوبہ قرض پر نہیں بنایا جانا تھا، تمام منصوبے بلڈ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر چلانے کا تصور آصف زرداری کا تھا۔
انہوں نے مزید کہ کہا کہ سی پیک جیسا منصوبہ آصف زرداری کی دور اندیش اور قائدانہ صلاحیتوں سے ممکن ہوا، گیم چینجر اور قابل فخر منصوبہ دینے پر قوم سابق صدر آصف زرداری کی مشکور ہے۔
Comments are closed.