کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں مبینہ رشوت کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے مؤثر حکم نامہ جاری کیا ہے جس پر سختی سے عملدر آمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، دہشتگردی کے علاوہ اب سی ٹی ڈی کسی دوسرے جرم پر ایکشن نہیں لے سکے گی۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی مبینہ کالی بھیڑوں کو غلط کاموں سے روکنے اور مبینہ اغوا کی وارداتوں کو روکنے کے لیے ڈی آئی جی عمر شاہد نے نیا لائن آف ایکشن تیار کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
نئے حکم کے مطابق اب سی ٹی ڈی صرف دہشتگردی یا ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات کرنے کی پابند ہوگی، بکیز، گٹکے اور چھالیہ کے کاروبار کرنے والے، ڈاکو اور ایرانی تیل یا ڈیزل کی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم پر کوئی بھی سی ٹی ڈی اہلکار کارروائی نہیں کرسکے گا۔
ذرائع کے مطابق ان تمام کاموں سے اس سے قبل باقاعدہ بیٹ بندھی ہوئی تھی، اس سلسلے میں تمام سیل انچارجز کو ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی جانب سے واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ دہشتگردی اور ٹیرر فائنانسنگ کے لیے سیلز اور افسران مختص کردئیے گئے ہیں، حکام کے مطابق اس لائحہ عمل پر تمام حساس اداروں کو آن بورڈ بھی لے لیا گیا ہے۔
Comments are closed.