مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں پایا جانے والا لادوم بھیڑ جسے مقامی طور پر ’کنگ آف شیپ‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ اس کی قیمت بہت زیادہ ہے جو 85 ہزار ڈالرز سے بھی زائد ہوسکتی ہے، اتنی رقم میں لگژری کار مل جاتی ہے۔
سینیگال میں اسے اعلیٰ سماجی مرتبے وحیثیت کی علامت سمجھاجاتا ہے۔ بھیڑ کی یہ نایاب نسل دراصل ماریطانیہ کے توابیر اور مالی کی بالی نسل کے ملاپ سے تیار کی گئی اور ایسا پہلی بار سینیگال کے صدر مقام ڈاکار سے باہر 1970 کے عشرے کے اوائل میں کیا گیا۔
لادوم نسل کا یہ بھیڑ سینیگال میں حیرت انگیز طور پر کافی مشہور ہے اور وہاں کے متمول خاندان اور افزائش نسل کرنے والے اس پر کافی رقم خرچ کرتے ہیں۔
اس کے باوجود اسے رکھنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ ایک ایسے ملک میں جہاں 40 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے رہتی ہو، وہاں بعض افراد ایک بھیڑ رکھنے کے لیے بھی ہزاروں ڈالرز خرچ کرتے ہیں۔
تنومند اور بڑے جثے کے حامل ان بھیڑوں کی کھال نرم و شفاف اور سینگ گھومی ہوئی ہوتی ہے، جبکہ ان کی اونچائی ایک اعشاریہ دو میٹرز اور وزن 175 کلوگرام تک ہوتا ہے۔ جبکہ ان کا گوشت نہایت ہی لذیذ بتایا جاتا ہے۔
Comments are closed.