مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک نے ایوان بالا میں اپوزیشن کی آج کی شکست کا ملبہ اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر ڈال دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ دلاور خان گروپ گیلانی صاحب نے بھیجا انہی کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر یوسف رضا گیلانی ہمت کرکے تشریف لے آتے تو آج ہم جیت جاتے۔
ن لیگی سینیٹر نے اس موقع پر استفسار کیا کہ دلاور خان گروپ کیوں اپوزیشن میں ہے، جب ووٹ حکومت کو ہی دینا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ دلاور خان صاحب سینیٹ اجلاس کے شروع سے ہی ہمارے ساتھ نہیں تھے۔
اسی پروگرام میں شریک سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ رات کو ایک بجے ایجنڈا جاری ہوا لیکن مجھے نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ صبح ایجنڈا ملا تو یہ میرے لیے ممکن نہ تھا کہ اجلاس میں پہنچ سکوں۔
اپوزیشن لیڈر نے سینیٹ اجلاس کی آج کی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بریک کے دوران آزاد گروپ سے حکومت نے مذاکرات کیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے آزاد گروپ کو ملانے کے بعد بھی نمبر پورے نہ ہوئے، جب حکومت کے نمبر پورے نہ ہوئے تو چیئرمین سینیٹ نے خود ووٹ دیا۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دلاور خان گروپ کے ارکان کو بھی میں نے ہی اجلاس میں شرکت کے لیے کہا، گروپ اجلاس کی بریک تک ہمارے ساتھ تھا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے دلاور خان گروپ کو بریک میں حمایت میں ووٹ ڈالنے کے لیے راضی کیا۔
Comments are closed.