سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی اور ملیریا وباء کی صورت اختیار کر گئے، کراچی میں 104، راولپنڈی میں 54 اور اسلام آباد میں 43 ڈینگی کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 24 گھنٹے میں31 جبکہ شہری علاقوں میں 12 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید 76 کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی سے 4 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 5 ماہ کےدوران ڈینگی کے2 ہزار 473 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مردان میں سب سے زیادہ 969 ڈینگی کیسز سامنے آئے، خیبر میں ڈینگی کے 484 کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں117، نوشہرہ میں 259 اور چارسدہ میں86 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری صحت نے بتایا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 106 مریض رپورٹ ہوئے۔
راولپنڈی سے ڈینگی کے 54 ، لاہور سے 33، گوجرانولہ سے 4، گجرات سے 3 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملتان، قصور اور بہاولنگر سے ڈینگی کے دو دو کیسز رپورٹ ہوئے۔
شیخوپورہ، اوکاڑہ، خانیوال، ساہیوال، مظفر گڑھ، جہلم سے ڈینگی کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی کے 1912مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، رواں سال صوبے میں ڈینگی سے 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔
گزشتہ روز پنجاب میں2567 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، جبکہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 گھنٹوں میں 6 مقامات سیل، 48 افراد کیخلاف مقدمات درج کیے گئے۔
Comments are closed.