ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

سیالکوٹ این اے75: ن لیگ کی نوشین افتخار کو پی ٹی آئی کے علی اسجد پر برتری

این اے 75 ڈسکہ میں مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کو تحریک انصاف کے علی اسجد خان پر برتری حاصل ہے۔

این اے 75 کے 123 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔

ن لیگ کی نوشین افتخار 33 ہزار 600 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد خان 28 ہزار 732 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری طرف پی پی 51 وزیر آباد میں ن لیگ کی بیگم طلعت کو تحریک انصاف کے چوہدری یوسف پر برتری حاصل ہے۔

پی کے 63 کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق اختیار ولی نے پی ٹی آئی کے میاں عمر کو شکست دے دی ہے۔

این اے 45 ضلع کرم میں پی ٹی آئی کے ملک فخر زمان آزاد امیدوار حاجی جمال سے آگے ہیں۔

آج قومی اسمبلی کی دو، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوا، اس وقت ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج بھی آ رہے ہیں۔

این اے 75 میں آج ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے جن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

این اے 75 کے ضمنی انتخاب کے دوران سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں گولیاں چل گئیں، 2 افراد جان سے گئے، 2 زخمی ہوگئے۔

نامعلوم موٹر سائیکل سوار کھلے عام جدید اسلحہ لیے سڑکوں پر دندناتے رہے، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

کئی مقامات پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تھوڑی دیر کے لیے روکنا پڑی۔

سیالکوٹ ڈسکہ کلاں میں الیکشن صبح سے شام تک میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولنگ روکی گئی جبکہ گوندلہ کے پولنگ اسٹیشن پر شدید فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔

دوسری جانب تحریک لبّیک کے چیف پولنگ ایجنٹ صاحبزادہ فضل حق نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی جس سےانکی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

اس ساری صورتحال میں پولیس اپنا کوئی بھی موقف دینے سے انکارکرتی رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.