پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاستدان مفاد پرست ہوئے تو جمہوریت کمزور ہوئی، ہمیں اپنی غلطیوں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا۔
کراچی میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سردار عطا اللّٰہ مینگل کی میرے والد سے پرانی رفاقت تھی۔
انہوں نے دوران خطاب عمران خان پر طنز کیا اور کہا کہ تم کال دوگے؟ حکیم ثناء اللّٰہ تمہارے انتظار میں بیٹھا ہے آ کر تو دکھاؤ۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان جب تقریر کرتے ہیں بونگی مارتے ہیں، پی ٹی آئی سربراہ سے وقت مانگا کس نے ہے؟ الیکشن ہماری مرضی سے ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین چار ستونوں پر کھڑا ہے، یہ ملک اسلامی ہے اور آئین سازی میں قرآن و سنت کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک وفاقی ہے جس میں چار یونٹ ہیں، مملکتی نظام میں عوام کی شراکت آئین میں ہے، آئین سازی عوام کے منتخب نمائندے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت مسلسل کمزور ہوئی، کیوں کہ ہم سیاست دان مفاد پرست ہوئے، ہمیں اپنی غلطیوں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ قانون انسانوں کے تحفظ کے لیے بنائے جاتے ہیں، ہم غلط پالیسیاں بناتے ہیں تو پھر سزا ملتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان سندھ میں سیلاب سے زیادہ متاثرہ اضلاع سکھر، لاڑکانہ، شکار پور اور دیگر کا دورہ بھی کریں گے۔
Comments are closed.