بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، بنگلادیش کا پاکستان کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش کے دیئے گئے  174 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

اوپنر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا گیا۔

پاکستان ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 3 اوورز میں 22 رنز بنا لیے ہیں۔

اس سے قبل کرائسٹ چرچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلادیش ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ اوپنر نجم الحسن کو محمد وسیم نے 12 جبکہ سومیا سرکار کو نسیم شاہ نے 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

بنگلادیش کے دونوں اوپنرز کو 41 رنز پر پویلین بھیجنے کے بعد گرین شرٹس کے بولرز دیگر بیٹرز کو قابو نہ کرسکے۔

بنگلادیشی بیٹر لٹن داس اور شکیب الحسن پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور آگے بڑھاتے رہے۔ 129 رنز پر پاکستان کی جانب سے تیسری وکٹ محمد نواز نے حاصل کی۔

پاکستانی اسپن بولر نے لٹن داس کو 69 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ چوتھے بنگلادیشی بیٹر شکیب الحسن کو نسیم شاہ نے 68 رنز پر آؤٹ کیا۔

عفیف حسین 11 اور یاسر علی 1 رنز بناسکے جب کہ نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، پچ پر گراس ہے اپنے بولرز کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی ٹیم لگاتار تین میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

تین قومی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل (جمعے کو) پاکستان اور میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.