سپین کی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان جنھیں ورلڈکپ فائنل میں فتح کے بعد والد کی موت کی خبر دی گئی
زندگی میں کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ دیرینہ خواہش مکمل ہونے کی خوشی ادھوری رہ جاتی ہے یا کسی وجہ سے مانند پڑ جاتی ہیں۔
ایسا ہی کچھ سپین کی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان اولگا کارمونا کے ساتھ ہوا۔
جب وہ خواتین ورلڈکپ جیتنے پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہی تھی تبھی انھیں یہ خبر دی گئی کہ ان کے والد کی وفات ہو گئی ہے۔
23 سالہ اولگا کارمونا نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کا فاتح بنوایا تھا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اولگا کے والد ایک عرصے سے بیمار تھے اور جمعے کو ان کی موت ہوئی تھی۔
کارمونا کو ان کے والد کی موت کی خبر ملنے کے بعد انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’میں جانتی ہوں کہ آج رات آپ (والد) مجھے دیکھ رہے تھے اور آپ کو مجھ پر فخر ہے۔ آپ کی روح پُرسکون رہے ڈیڈ۔‘
انھوں نے اپنے والد سے متعلق تعزیتی پیغام کے ساتھ جیت کے میڈل کو چومتے ہوئے اپنی تصویر بھی شیئر کی۔
انھوں نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’مجھے علم نہیں تھا کہ کھیل شروع ہونے سے قبل ہی میرا ستارہ چمک رہا تھا۔ میں جانتی ہوں کہ کچھ منفرد حاصل کرنے کا حوصلہ اور ہمت مجھے آپ نے ہی دی ہے۔‘
ورلڈ کپ جیتنے والوں کی شرٹس پر ان کے قومی ٹیم کے تمغے کے اوپر ایک گولڈ سٹار لگایا جاتا ہے۔
ہسپانوی فٹ بال ایسوسی ایشن (آر ایف ای ایف) نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’آر ایف ای ایف کو اولگا کارمونا کے والد کی موت کا اعلان کرنے پر شدید افسوس ہے۔‘
’اولگا کو اس افسوسناک خبر کا ورلڈکپ فائنل کے بعد بتایا گیا تھا۔‘
’اس دکھ کے لمحے میں اولگا اور ان کے اہلخانہ کے لیے نیک تمنائیں۔ ہمیں آپ سے پیار ہے اولگا، اور آپ ہسپانوی فٹ بال کی سٹار ہو۔‘
کارمونا نے ورلڈ کپ میں سپین کی سات میں سے پانچ میچوں میں نمائندگی کی ہے۔
ہسپانوی میڈیا آؤٹ لیٹ ’ریلیوو‘ نے کہا کہ ان کے اہلخانہ اور دوستوں نے انھیں والد کی وفات سے متعلق نہ بتانے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ فائنل پر توجہ مرکوز رکھ سکیں، ان کی والدہ اور بھائی سنیچر کے روز میچ میں ان کی حمایت کے لیے آسٹریلیا پہنچے تھے۔‘
ان کے فٹبال کلب ریئل میڈرڈ نے بھی ان کے والد کی وفات پر ’اولگا، ان کے اہلخانہ اور ان کے تمام چاہنے والوں سے تعزیت اور پیار کا اظہار کیا ہے۔‘
قسمت کی ستم ظریقی دیکھیے کہ اولگا جنھوں نے ورلڈکپ فائنل میں میچ کا واحد گول کر کے سپین کو فتح دلوائی، انھوں نے اس گول کو اپنی ایک دوست کی والدہ کے نام کیا تھا جن کا حال ہی میں انتقال ہوا تھا۔ اور وہ اس وقت خود اپنے والد کی موت سے بے خبر تھیں۔
ان کے مداح بھی سوشل میڈیا پر اس بارے میں بات کرتے ہوئے اس ستم ظریفی کا ذکر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ان کے ایک مداح نے لکھا کہ ’اولگا کارمونا کے آج کے میچ کے بعد کے انٹرویو کا ترجمہ کیا جہاں انھوں نے اپنا گول اپنی بہترین دوست کی والدہ کے نام کیا جو حال ہی میں انتقال کر گئی تھی اور اب ان کے والد بھی اسی دن نہیں رہے جس دن انھوں نے سپین کے لیے ورلڈ کپ جیتا۔ زندگی کتنی ظالم ہے۔‘
ان کے ایک اور مداح نے لکھا ’ اولگا کارمونا کے والد سنیچر کی رات انتقال کر گئے۔ ایسا لگتا ہے کہ خاندان نے فائنل تک انھیں نہ بتانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے والد اپنی بیٹی کو ورلڈ کپ جیتنے والا گول کرتے ہوئے کبھی نہیں دیکھ سکے۔‘
Comments are closed.