امریکا سے اسلام آباد پہنچنے والے مسافر کا 27 لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالر پر مشتمل گمشدہ پاؤچ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے کھوج لگا کر اصل مالک کے حوالے کردیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ذرائع کے مطابق مسافر انور امان اہلخانہ کے ہمراہ 17 مارچ کو امریکا سے قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے امریکا سے اسلام آباد پہنچا۔
بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں بیلٹ نمبر 5 سے سامان کے حصول کے دوران مسافر نے اپنا ہینڈ پاؤچ کرسی پر رکھ دیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق مسافر اہل خانہ کے ہمراہ سامان لے کر صبح 2:30 بجے ارائیول لاؤنج سے باہر چلا گیا۔
آدھے گھنٹے کے بعد لگ بھگ صبح 3 بجے مسافر انور امان ایئرپورٹ واپس آیا اور لاؤنج میں پہنچ کر تلاش کیا تو ان کا ہینڈ پاؤچ نہ مل سکا۔
ترجمان کے مطابق مسافر نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کی درخواست کی۔
اے ایس ایف کے عملے نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی چھان بین کی اور گمشدگی کے مقام کی فوٹیج کی کم کوریج کی وجہ سے انہیں کچھ نہیں مل سکا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر عون چوہدری نے مسافروں کے شکایت سیل میں کال کی۔ جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ویجیلنس اسسٹنٹ رب نواز نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی از سرنو چھان بین کی۔ سول ایوی ایشن ٹیم کو بھی سی سی ٹی وی کی کوریج رینج نہ ہونے کی وجہ سے ہینڈ پاؤچ اٹھائے جانے کے شواہد نہیں ملے۔
سول ایوی ایشن ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ایک ایک مسافر کو تلاش کیا اور ایک فیملی کو اس سلسلے میں مشتبہ قرار دیا۔
اس مسافر خاتون اور دیگر اہل خانہ کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور برطانیہ میں موجود خاتون مسافر کے شوہر سے بھی رابطہ کیا گیا اور واقعہ کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی کوششوں سے خاتون مسافر سے 9500 امریکی ڈالر پر مشتمل پاؤچ برآمد کر کے اصل مالک انور امان کے حوالے کر دیا گیا۔
Comments are closed.