وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں گندم صوبائی اسٹورز سے چوری ہوگئی، بلاول ہاؤس میں کون سے چوہے بیٹھےہیں، جن کےپیٹ نہیں بھرتے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ادھر ادھر بہت تنقید کرتے ہیں، انہیں سندھ میں گندم کی قیمت کا پتا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اپنی مراد علی شاہ کی حکومت سے پوچھیں، سندھ میں آٹا پورے ملک سے زیادہ مہنگا ہے، پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100روپےجبکہ سندھ میں 1500 کا ہے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ سندھ میں زخیرہ اندوزوں کے سرپرست بیٹھے ہوئے ہیں، جن کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے جبکہ پنجاب میں 160 افراد گرفتار کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت 13 سال سے عوام کا استحصال کررہی ہے، صوبائی حکومت نے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، سندھ کے وڈیرے کسانوں کا پانی استعمال کرجاتے ہیں۔
وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ان کی گورننس کے اوپر بہت زیادہ سوالات ہیں، سندھ کو این ایف سی کے تحت 1900 ارب روپے فراہم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یوریا کے لیے سبسڈی فراہم کی، ایک بوری امپورٹ نہیں کرنی پڑی، سندھ میں یوریا کو ذخیرہ کیا جارہا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ڈی اے پی پر کسان کو ایک ہزار فراہم کریں گے، پنجاب میں ڈی اے پی پر 11 ارب روپے فراہم کیے گئے، سندھ کا 2 ارب روپےکا شیئر بنتا ہے، وفاق نے شیئر ڈالنےکے لیےخط لکھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کی کسان دشمن پالیسیاں ہیں، وفاق سندھ کے کسان کی مدد کے لئے پیسا لےکر بیٹھا ہے لیکن صوبائی حکومت حصہ نہیں ڈال رہی۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کو پاکستان کے عوام کی فکر ہے، جس نے بھی گراں فروشی کی کوشش کی اس کےخلاف کارروائی کی گئی، وفاقی حکومت اور پنجاب کی مداخلت سے چینی کی قیمت کم ہونا شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2 لاکھ ٹن گندم برآمد کرکےضبط کی، حکومت کوشش کررہی ہےکہ عوام پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ پڑے۔
فرخ حبیب نے مزید کہ اکہ سندھ حکومت نے شوگر ملز بروقت چلنےنہیں دیں، صوبائی حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی، پنجاب حکومت نے ایکشن لیا، چینی کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات اور خوردنی تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ گئی ہیں، وفاقی حکومت نے کوشش کی اور فرٹیلائیزرز امپورٹ نہیں کی، پاکستان میں یوریا کی قیمت کنٹرول میں ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ وفاق کےدائرہ اختیار میں جو بھی ہوگا، وزیراعظم سندھ کے عوام کے لیے کرنے کو تیار ہیں، سندھ میں سرکلر ریلوے، گرین بس، کےفور منصوبہ وفاق چلا رہا ہے۔
Comments are closed.