بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں کورونا وائرس کے 348 نئے مریضوں کی تشخیص، 14 کا انتقال ہوگیا، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 مریض انتقال کرگئے جبکہ 348 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 619 افراد صحتیاب ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10918 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 348 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 3.2 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 4315  ہوگئی ہے جو کہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 2978835 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور 257088 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 619 مریض صحتیاب ہوئے، جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 240676 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 93.6 فیصد ہے۔

انہو ں نے کہا کہ اس وقت12097 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 11680 گھروں میں،7 آئسولیشن سینٹرز میں اور 410 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 372 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 50 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 348 نئے کیسز میں سے 183 کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں ضلع شرقی 49، کورنگی 45، ملیر 30، ضلع جنوبی27، ضلع غربی 17 اور ضلع وسطی میں سے15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

صوبے کے دیگر اضلاع مٹیاری اور شہید بے نظیر آباد 25 ۔25، حیدرآباد 22، ٹھٹھہ 17، ٹنڈوالہیار 15، بدین 11، لاڑکانہ 7، جامشورو اور سجاول 6۔6، گھوٹکی اور سانگھڑ 4۔4، خیر پور اور میرپورخاص 3۔3، جیکب آباد اور سکھر 2۔2، نوشہرو فیروز سے ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.