سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 15 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد اس وبا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 5407 ہوگئی ہے۔ جبکہ آج کورونا وائرس کے 13348 ٹیسٹ کرائے گئے جس کے نتیجے میں 591 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید 15 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جس سے ہلاکتوں کی تعداد 5407 ہوگئی ہے، جو کہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کورونا کے 13348 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 591 کیسز کا پتہ چلا جو کہ موجودہ تشخیصی شرح کا 4.4 فیصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 4443227 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں335027 کیسز کی تشخیص کی گئی۔ ان میں سے 92.6 فیصد یعنی 310096 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں۔ جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے والے 600 مریض بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت 19524 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 18882 گھر وں میں، 30 آئسولیشن مراکز میں اور 612 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 556 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی جن میں سے 59 کو وینٹی لیٹرزپر منتقل کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق 591 نئے کیسوں میں سے 424 افراد کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں ضلع شرقی 159، ضلع جنوبی 99، ضلع کورنگی 65، ضلع وسطی 45، ضلع غربی 34 اور ضلع ملیر میں 19 کیسز شامل ہیں۔
اسکے علاوہ ٹھٹھہ میں 21 ، بدین اور سجاول 15- 15، قمبر اور سانگھڑ 14-14، حیدر آباد 13، نوشہرو فیروز 9، میرپور خاص 8، لاڑکانہ اور مٹیاری 7-7، جیکب آباد 6، خیرپور 5، جامشورو، تھرپارکر اور عمرکوٹ 4 – 4، دادو 3، شہید بینظیر آباد اور ٹنڈو الہیار 2 – 2 اور شکارپور سے ایک کیس سامنے آیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
Comments are closed.