جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

سندھ میں کورونا سے ایک مریض کا انتقال، 358 نئے کیسز کی تشخیص

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک مریض نے دم توڑ دیا جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4521 ہوگئی ہے اور 9392 ٹیسٹ کرانے پر 358 نئے کیسز سامنے آئے۔

یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے مزید ایک مریض نے اپنی جان گنوادی جس سے ہلاکتوں کی تعداد 4521 تک پہنچ گئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.7 فیصد ہے۔ 

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 9392 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 358 کیسز پازیٹو آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 3370253 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 267969 کیسز کی تشخیص کی گئی ان میں سے 96 فیصد یعنی 257322 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے 146 بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 6126 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 5800 گھروں میں، 10 آئسو لیشن مراکز اور 316 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 289 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی جن میں 254 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 358 نئے کیسوں میں سے 208 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 121، ضلع جنوبی 43، ضلع وسطی 19، ضلع ملیر 12، ضلع کورنگی 10 اور ضلع غربی3 شامل ہیں۔

ضلعی سطح پر دیگر اعداد و شمار حسب ذیل ہیں حیدر آباد 32، لاڑکانہ 13، جامشورو، بدین اور ٹنڈو محمد خان 8-8، جیکب آباد اور ٹنڈو الہ یار 7-7، گھوٹکی اور میرپورخاص 6-6 کیسز سامنے آئے۔

قمبر، مٹیاری، نوشہروفیروز، سانگھڑ، سکھر اور عمرکوٹ 5-5، خیرپور اور سجاول 4-4، بینظیر آباد 3 اور شکارپور ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.