کراچی: سندھ حکومت نے(کل) پیر سے دوکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر 7 جون سے صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی، تاہم تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کروانا ہوگی، اور 15 دن بعد دکانوں کے اسٹاف کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے۔
اجلاس میں 9 ویں تا 12 ویں کلاسز بھی کل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ہوٹلز میں آئوٹ ڈور ڈائنگ کی رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، آئوٹ ڈور ڈائنگ پر لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، دو ہفتوں کے بعد شادی ہالز، آئوٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، ساحل سمندر، بیچ اور سی ویو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس مین سیلون بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قبل ازیں اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 5 جون کو کراچی میں کیسز کی شرح 8.5 فیصد تھی، یکم جون کو کراچی میں 12.45 فیصد کیسز مثبت تھے، 5 جون کو حیدرآباد میں 11.06 فیصد کیسز مثبت تھے، 30 مئی سے 5 جون تک کراچی شرقی میں 18 فیصد کیسز مثبت تھے، ضلع وسطی میں 11 فیصد، ملیر اور ضلع جنوبی میں 10 فیصد کیسز مثبت تھے، اس وقت کراچی میں 79 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، شہید بے نظیر آباد میں 2 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
Comments are closed.