بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب سے مدد لینے کا فیصلہ

سندھ میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے کے لیے پنجاب سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کے ڈینگی ماہرین سے ڈاکٹروں اور عملے کی تربیت کرائی جائے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت ڈینگی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن عثمان اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں کمشنر اسلام آباد کیپٹن عثمان نے پنجاب میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے مکینزم پر آگاہی دی اور بتایا کہ رواں سال صوبے میں اب تک 4031 ڈینگی وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی میں ایک دن میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ گئی،ملک کے دیگر شہروں میں بھی ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے موجود پروگرام کو مزید موثر بنانا ہوگا، تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز سے ڈینگی کی روزانہ کی رپورٹ لی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب سے ڈینگی ماہرین سے سندھ کے ڈاکٹروں اور ڈینگی پروگرام کے عملے کی ٹریننگ کروائی جائے گی، ڈینگی کے مریضوں کے ارد گرد کے 20 گھروں میں اسپرے کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈینگی کے خاتمے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اجلاس کریں گے اور صوبے میں اینٹامولوجسٹ بھرتی کئے جائیں گے جبکہ آگاہی کے لیے مہم شروع کی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ ہاٹ اسپاٹ پر ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے لیے اسپرے اور فیومیگیشن مہم شروع کی جائے گی جبکہ ڈینگی کا شکار ہونے والوں کے اطراف کے 20 گھروں میں اسپرے کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی کے تمام اضلاع میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.