جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سندھ میں بننے والے اتحاد سے خائف نہیں، ناصر حسین شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پر امید ہیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بننے والے اتحاد سے خائف نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن میں سرپرائز دے گی۔ پی پی سندھ اور بلوچستان سے زیادہ سیٹیں لے گی۔ پیپلز پارٹی کو جنوبی پنجاب سے بھی اچھے نتائج ملیں گے۔ 

 سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سینٹرل پنجاب مشکل ہے لیکن سرپرائز دیں گے۔ صرف پیپلز پارٹی الیکشن کی بات کر رہی ہے۔ اس دفعہ بہت پر امید ہیں اس لیے الیکشن کی بات کر رہے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کوئی موسم کی بات کر رہا ہے، کوئی حالات کی بات کر رہا ہے۔ سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں، سندھ میں جو اتحاد ہو رہا ہے، اس سے خائف نہیں۔ کیا وجہ ہے کہ سندھ کے الیکٹیبلز پیپلز پارٹی میں آ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے خلاف بڑے نام اب پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس دفعہ پیپلز پارٹی شہروں میں بھی سوئپ کرے گی، میئر کراچی ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.