بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ حکومت شہر سے پانی کس طرح نکال رہی ہے؟ حلیم عادل نے بتادیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کراچی میں بارش کا پانی نکالنے والے ضلعی انتظامیہ کے ملازم کو گھیر لیا اور ان کے کام کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شہر میں ہونے والی بارش کا پانی سڑک سے کیسے نکال رہی ہے۔

کراچی میں ہونے والی شدید بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، جس کے باعث وہاں سے گاڑیوں کا گزرنا دشوار ہوگیا، موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، جبکہ  نالے اور گڑھے عوام کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔

تیز بارش سے ضلع وسطی کی کئی سڑکیں تالاب میں بدل گئیں، شیر شاہ سوری اور ملحق سڑکوں پر ندیاں بہہ گئیں۔

ملیر، قائدآباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، ڈیفنس میں بھی بارش ہوئی۔

تاہم حلیم عادل شیخ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گلشنِ اقبال میں بارش کے دوران کام کرنے والے ضلعی انتظامیہ کے ایک کارکن کے ساتھ الجھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے ڈی ایم سی عملے سے پوچھا کہ آپ جو ٹریکٹر چلارہے ہیں، اس سے پانی کس طرح نکالیں گے؟ جس پر ضلعی انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ وہ اپنی ٹریکٹر ٹرالی سے بارش کے پانی کی نکاسی کریں گے۔

حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "اس ٹریکٹر ٹیکنالوجی سے بارش کا پانی تو بالکل بھی نہیں نکل سکتا، دنیا کو ان سے سیکھنا چاہیے، واہ سائیں واہ۔”

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.