بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ: بیشتر شہروں میں موسلادھار، کراچی میں ہلکی بارش

بارش برسانے والا مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگیا، سندھ کے بیشتر شہروں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پیش گوئی کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صبح 8 سے 9 بجے کے دوران تیز بارش نہ ہو سکی، شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی ہلکی بارش ہوئی ہے۔

کراچی کے بعض علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش ہوئی تھی، جبکہ مختلف علاقوں میں رات سے بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کراچی میں ملیر، ایئر پورٹ، شارعِ فیصل، یونیورسٹی روڈ، ثمن آباد، گلبرگ، سہراب گوٹھ، انچولی، شفیق موڑ، ناگن چورنگی، یوپی موڑ، نیو کراچی، نارتھ کراچی اور اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔

سندھ کے دیگر شہروں میں تیز بارش سے شہری نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی غائب ہو گئی اور سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے

حیدر آباد، سانگھڑ، تھر پارکر، میرپور خاص، ہالہ، نیو سعید آباد، ٹنڈو آدم، شہداد پور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جہاں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب زیر آ گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ٹنڈو آدم کے محمدی چوک، جمن شاہ، شاہی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔

شہداد پور کے علاقے جانی پورہ، اسٹیشن روڈ اور سوائی روڈ پر گٹر ابل پڑے۔

مٹیاری، ہالہ، نیو سعید آباد اور بھٹ شاہ میں بھی موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔

مارکیٹ چوک، درگاہ روڈ، تھلہ پاڑہ، باگڑی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔

ٹنڈو محمد خان اور ڈگری میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.