جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

سندھ اسمبلی: PTI کی IG کو ہٹانے کی قرارداد جمع

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو ہٹانے کی قرار داد سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کے اندراج اور ان کی گرفتاری کے بحران کے تناظر میں پارٹی کی لیڈر شپ اور صوبے کی اہم شخصیت کی جانب سے بیک جنبش آئی جی سندھ کے عہدے سے مشتاق مہر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ کے عہدے سے ہٹانے کی قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو ملیر میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران گرفتار کیئے جانے کے واقعے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں آئی جی سندھ مشتاق مہر کو ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

گورنر سندھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس کو وارننگ دے رہا ہوں کہ صرف ریاست کی ملازمت کریں، پولیس اپنے رویے میں تبدیلی لائے بصورتِ دیگر وفاق اپنی ذمے داریاں پوری کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.