ترجمان سندھ حکومت، مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شیخ رشید کے بیان پر کہنا ہے کہ شیخ رشید کا بیان لسانی تفریق کو ہوا دینے کی مذموم کوشش ہے، صدیوں سے آباد سندھیوں کے شناختی کارڈ کی بندش وفاقی حکومت کا فتور ہے۔
بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی باشندوں کے شناختی کارڈ کا معاملہ اٹھانا وفاقی حکومت کی شرمناک حرکت ہے، انڈس ویلی کے باشندے سلیکٹیڈ حکمرانوں کی تانا شاہی برداشت نہیں کریں گے، اگر شیخ رشید کے شناختی کارڈ پر لاہور کے باشندے سوال اٹھائیں تو کیا ہوگا؟
بیرسٹر مرتضی وہاب نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت شیخ رشید کے متنازع بیان کا نوٹس لے کر معافی مانگے، شیخ رشید کا بیان ناقابل قبول ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شیخ رشید زمینی حقائق سے بے خبر ہو کر کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں، سندھ ویلی کی نمائندگی کرتے ہوئے ان لغویات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹیڈ حکمران اب مقامی باشندوں کی شناختی دستاویزات پر سوال اٹھا رہے ہیں، سندھ کے شہریوں کے اپنے شہر میں شناختی کارڈ کی بندش کا بیان لسانی تفریق ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ شیخ رشید شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں۔
Comments are closed.