بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلیے ڈیجیٹل پورٹل کا آغاز

وزیر اعظم عمران خان  نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کا آغاز کردیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاور آف اٹارنی کا حصول سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بڑا مسئلہ تھا، پاور آف اٹارنی کے عمل سے 75 ہزار پاکستانیوں کو گزرنا پڑتا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈیجیٹل پورٹل سے اوور سیز پاکستانیوں کو سہولت ہوگی، اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا  اثاثہ ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی زندگی آسان کرنے کے بجائے مشکلات پیدا کی گئیں، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمارے دور میں 30 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں، اوورسیز پاکستانیوں کو سب سے بڑا محب وطن سمجھتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اوور سیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر پاکستان کی جمہوریت میں شامل کرلیا ہے، اب جو بھی حکومت آئے گی وہ سمندر پار پاکستانیوں کی قدر کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے سے زیادہ اور کیا احمقانہ بات ہوسکتی ہے، میری تجویز کے بعد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے اندر سے لوگ آٹومیشن نہیں آنے دیتے، بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ووٹنگ میں حصہ لے سکیں گے، پاکستان میں پہلی بار ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم لارہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ووٹنگ مشینیں ساری دنیا میں کام کر رہی ہیں، ووٹنگ مشین ہوتی تو پچھلے الیکشن میں 15 لاکھ ووٹ ضائع نہ ہوتے، ہماری پارٹی کو اس سے کیا فائدہ کہ کس نے کس کو ووٹ دیا؟

وزیراعظم  نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے پیسے سے ملک چلتا ہے لیکن ووٹ کا حق نہیں تھا، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والے تبدیلی کے مخالف ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.