جمعہ 26؍ذیقعد 1444ھ16؍جون 2023ء

سمندری طوفان بپرجوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع سے ٹکراگیا

بحیرہ عرب میں بننے والا انتہائی درجے کا سمندری طوفان بپرجوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع سے ٹکراگیا۔ 

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات کے ساحلی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے گاندھی نگر میں 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ 

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ دوارکا میں طوفانی ہواؤں کے باعث درخت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جاکھاؤ، مانڈوی میں درخت اور بجلی کے کھبے گر گئے، ٹین کی چھتیں اُڑگئیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات میں سمندری طوفان ٹکرانے کا عمل آدھی رات تک جاری رہے گا۔ 

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی بھارتی محکمہ موسمیات نے رپورٹ کیا تھا کہ ریاست گجرات میں سوراشٹرا اور کَچھ کے ساحلی اضلاع میں سمندری طوفان بپرجوائے کے لینڈ فال کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ طوفان کراچی اور مانڈوی کے درمیان گجرات کی جاکھاؤ بندرگاہ کے نزدیکی ساحل سے ٹکرائے گا۔

یہ بھی بتایا گیا تھا کہ طوفان تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

سمندری طوفان بپرجوائے کے تحت ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ گجرات کے علاقے مانڈوی میں تیز ہواؤں اور سمندر میں طغیانی کا سلسلہ جاری ہے۔ 

خیال رہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کی شدت برقرار تھی اور اس کا فاصلہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان کی جانب بھی کم ہوتا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ طوفان کی پاکستانی ساحلی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرانے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی

محکمہ موسمیات کے مطابق بپرجوائے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا تھا اور پاکستان کے ساحلی علاقوں سے اس سمندری طوفان کا فاصلہ مزید کم ہوگیا تھا۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے تقریباً 245 کلومیٹر سے بھی کم، ٹھٹھہ کے جنوب سے 210 کلومیٹر سے بھی کم اور کیٹی بندر کے جنوب سے 145 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے اطراف میں ہواؤں کی رفتار 120سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے۔

اس سے متعلق محکمہ موسمیات کا بتانا تھا کہ طوفان کے اطراف کبھی ہواؤں کے جھکڑ 150 کلومیٹر فی گھنٹا رفتار کو چھو رہے ہیں اور سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ چند گھنٹوں میں طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، ہر گھنٹے بعد طوفان کی اسپیڈ اور رُخ بدل رہا ہے۔ 

طوفان ٹکرانے پر ہواؤں کی رفتار 100سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔

سمندری طوفان بپرجوائے پر عالمی ماہرموسمیات جیسن نکولس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان شمال، شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

عالمی ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ بپرجوائے کا لینڈفال بھارتی وقت کے مطابق شام 5:30 سے رات 8:30 کے درمیان گجرات میں جاکھاؤ پورٹ کے قریب ہوگا۔

جیسن نکولس کے مطابق پیر کو دہلی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.