جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

سعودی وزارت صحت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کے لیے اہم نکات کا اجراء

سعودی وزارت صحت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کے حوالے سے اہم نکات جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کے لیے ویکسین لگواکر آنا ضروری ہے جو کہ WHO سے سرٹیفائیڈ ہونی چاہئے۔ 

جبکہ ویکسین کی دوسری ڈوز (dose) مملکت میں داخل ہونے سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے لگ چکی ہو۔ مملکت پہنچنے سے 72 گھنٹے پہلے تصدیق شدہ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ کروانا اور اسکی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

حکام کے مطابق مملکت پہنچنے پر 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا جس کے 48 گھنٹے بعد کورونا کا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ حجاج کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ رہائشگاہ سے باہر جانے کے لیے حجاج کو درخواست کے ذریعہ اجازت نامہ لینا ہوگا اور ضروری احتیاط کو لازمی اختیار کرنا ہوگا۔

رہائشگاہ میں موجود حجاج کو بھی آپس میں فاصلہ قائم رکھنا ہوگا۔ ہجوم کو ترتیب اور منظم رکھنے کے لیے چھوٹے گروپس کی صورت میں نقل و حرکت ہوگی۔ ہر گروپ کا پہلے سے مقرر گروپ لیڈر ہوگا اور یہ گروپس 100 سے زیادہ حجاج سے تجاوز نہیں کرے گا۔ صحت کے حوالے سے دی گئیں ہدایات پر عمل کرتے رہنا ہوگا۔ 

عالمی وباء کے مدنظر حالات اور لائحہ عمل میں وقتاً فوقتاً تبدیلی آسکتی ہے۔ اسی بنیاد پر حج کے دوران ہر جگہ رکنے کا وقت متعین کیا جائے گا۔ کمزور اور بیمار افراد کے علاوہ چھوٹے بچے اور بزرگ افراد حج پر نہیں جاسکیں گے جس کے مطابق عمر کی حد 18 سال سے 60 سال ہوگی۔

وزارت صحت کی جانب سے صحت، قرنطینہ اور حجاج کی آمد اور روانگی پر نظر رکھی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.