سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ملک بھر میں نمازِ استسقاء ادا کرنےکی اپیل کر دی۔
خشک سالی کے موسم میں نمازِ استسقاء میں بارش کے لیے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا مانگی جاتی ہے۔
سعودی شاہی عدالت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہر سعودی شہری سے اللّٰہ تعالیٰ کے حضور توبہ، معافی اور رحم کی دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔
سعودی ایوانِ شاہی کے مطابق نمازِ استسقاء جمعرات کی صبح مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ اور دیگر مساجد میں ادا کی جائے گی۔
نمازِ استسقاء 2 رکعت پر مشتمل ہے اور پہلی رکعت میں 7 تکبیرات اور دوسری میں 6 تکبیرات ادا کی جاتی ہیں۔
باجماعت نمازِ استسقاء کے لیے امام عموماً ہر رکعت میں بالترتیب سورۃ الاعلیٰ اور سورۃ الغاشیہ پڑھتے ہیں اور نماز کی ادائیگی کے بعد خطبہ دیتے اور دعا کراتے ہیں۔
نمازِ استسقاء کے بعد دعا کراتے وقت دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں کا رخ زمین کی جانب رکھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ نماز استسقاء کی ادائیگی نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے قحط سالی دور کرنے کے لیے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا مانگنے کے طریقے کے مطابق ہے۔
Comments are closed.