بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سرد موسم قریب ہے، قوم مصیبت زدہ بھائیوں کیلیے اخوت کا مظاہرہ کرے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سردیوں کا موسم قریب آرہا ہے اور ضروری ہے کہ سیلاب متاثرین کو سرد موسم کی سختی سے بچانے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ پوری قوم اللہ کے پیارے نبی حضرت محمدؐ کی سنت کی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے ان مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے اخوت کا مظاہرہ کرے۔

ہفتے کووزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نور خان ایئربیس راولپنڈی پر برطانیہ روانگی سے پہلے سیلاب کی صورتحال اور سیلاب زدگان کیلئے جاری ریسکیو و امدادی کاروائیوں اور بحالی کے کام کے لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہو ا۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو این ایف آر سی سی کی طرف سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک کے تخمینے کے مطابق سندھ کے 23، بلوچستان کے 31 خیبر پختونخوا کے 17 اور پنجاب کے 2 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں ۔

اجلاس میں متاثرہ اضلاع میں انفراسٹرکچر، جانی و مالی اور لوگوں کے روزگار کے نقصانات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو تمام اداروں بشمول این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے اور افواجِ پاکستان کی طرف سے جاری ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے معاشرے کے تمام طبقات سے سیلاب متاثرین کے لیے کمبل، لحاف اور گرم کپڑے عطیہ کرنے کی اپیل کی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ عطیہ دہندگان، مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز اور معاشرے کے صاحبِ حیثیت طبقوں سمیت پوری قوم، سیلاب متاثرہ بچوں کی خوراک کی فراہمی کیلئے آگے بڑھے،لاکھوں سیلاب متاثرہ بچوں کو نشوونما کے لیے دودھ اور خوراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ  شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کا سیلاب متاثرین کے لیے یکجہتی، مدد اور حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، اجلاس میں عالمی رہنماﺅں کو آگاہ کیا کہ تباہی کے درست پیمانے کا تعین کرنے کے لیے جلد مشترکہ سروے کرایا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہاکہ سیلاب نے ملک میں لاکھوں لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان قابل اعتماد این جی اوز، صوبائی اور وفاقی محکموں اور فوجی مراکز کو عطیہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگر عوام چاہیں تو خود بھی پہل کر کے امدادی سامان تقسیم کر یں۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت سیلاب متاثرین کی فوری نقد امداد کے طور پر اپنے وسائل سے 70 ارب روپے فراہم کر رہی ہے ۔بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے انتہائی شفاف نظام کے تحت اب تک 30 ارب روپے تقسیم بھی کیے جا چکے ہیں۔ مزید یہ کہ سیلاب زدگان کے دو ماہ کے گیس اور بجلی کے بل بھی معاف کر دیے گئے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.