کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر میٹرک کا صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا پیپر دن 12 بجے تک شروع ہی نہ ہوسکا ۔
میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی کا تازہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر ڈھائی گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال پیپر ہی نہیں شروع ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق امتحانی مراکز کے اندر طلبہ اور باہر موجود ان کے والدین انتہائی پریشان ہیں جبکہ اکثر امتحانی مراکز کے اندر اور باہر طلبہ اور والدین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اس موقع پر امتحانی مراکز کے باہر موجود والدین کا بچوں کو بغیر امتحان لیے باہر بھیجنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، جبکہ اسکول انتظامیہ کاکہنا ہے کہ بچوں کو امتحانی کاپیز دی جاچکی ہیں بغیر امتحان لئے باہر نہیں بھیج سکتے۔
واضح رہے کہ آج امتحانات کے پہلے روز فزکس کا پیپر شروع ہوجانے کے 4 منٹ بعد فوٹو کاپی کی دکانوں پر تو پہنچ گیا تھا مگر کچھ امتحانی مراکز میں تاخیر سے پہنچا اور کچھ مراکز کی انتظامیہ تاحال پرچہ آنے کے انتظار میں ہے۔
دوسری جانب بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن سینٹرز میں امتحانی پرچہ تاخیر سے پہنچا، وہاں طلبہ کو اضافی وقت دیا جائے گا۔
Comments are closed.