چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو باہر نکلنا ہوگا ورنہ مزید مہنگائی ہوگی۔
اپنے ویڈیو بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم اتوار کی رات پُرامن احتجاج کے لیے نکلے، میں قوم سے مخاطب ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو سوال کریں گے، ملک سنبھال نہیں سکتے تو سازش کیوں کی؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس تماشے کے خاتمے کے لیے سب کو باہر نکلنا ہوگا، ورنہ مزید مہنگائی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تیل مہنگا ہو تو ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، جب ہم گئے تو پیٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا، ہم نے مہنگائی سے لوگوں کو تحفظ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلا لائحہ عمل دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں بحیثیت قوم اس صورتحال سے کیسے نمٹنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے وقت میں بھی پیٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ میں زیادہ تھی اور آئی ایم ایف کا پریشر بھی تھا تاہم عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمت کسانوں کو سب سے زیادہ متاثر کرے گی۔
Comments are closed.